موڈیز نے پاکستان کے بنکنگ سیکٹر کی ریٹنگ منفی سے مستحکم کر دی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی بینکنگ سیکٹر سے متعلق رپورٹ میں ملکی بینکوں کی ریٹنگ مستحکم کر دی۔ موڈیز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی بینکنگ سیکٹر کی ریٹنگ نیگیٹیو سے سی اے اے تھری مستحکم کر دی گئی۔ بینکنگ کے شعبے نے ٹھوس منافع کمایا اور فنڈنگ کی صورت حال مستحکم رہی۔ رواں مالی سال مہنگائی 23 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ مالی سال مہنگائی کی شرح 29 فیصد تھی۔ پاکستان میں معاشی اور مالی دباؤ میں بھی کمی آرہی ہے اور رواں مالی سال معاشی شرح نمو 2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی کے مطابق پاکستان کی حکومت کو بینکنگ سیکٹر سے بہت بڑا سہارا حاصل ہے اور حکومت کی جانب سے سکیورٹیز کی شکل میں قرضوں کا زیادہ انحصار بینکنگ سیکٹر پر ہے۔ معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے کے مطابق بینکنگ شعبے کا منافع آئندہ سال شرح سود اور بلند ٹیکسز کی وجہ سے کم ہوسکتا ہے۔ پاکستان نے مشکل وقت میں بینکوں کی مدد کی جس سے ڈیپازٹرز کا نقصان نہیں ہوا۔ موڈیز کے مطابق بینکوں کے منافع سے بہتر فنڈنگ، لیکویڈیٹی، معاشی چیلنجز اور سیاسی بحران سے نمٹنے میں مدد ملی۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستانی بینکنگ نظام پر معاشی اور مالیاتی دباؤ کم ہورہا ہے۔