9 مئی: بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں میں توسیع، 33 کی منظور، 6 اشتہاری قرار
لاہور (خبر نگار) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذرآتش کرنے کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں 15 مارچ تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے دلائل طلب کر لئے۔عدالت نے راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں رہنما پی ٹی آئی میاں اسلم اقبال، حماد اظہر سمیت 6 ملزموں کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نوید اقبال نے پولیس کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے 6 ملزموں کو اشتہاری قرار دیا۔ اشتہاری قررا دیے گئے دیگر ملزموں میں محمد قاسم، ملک حیدر، ثمر اور عدنان اشرف شامل ہیں۔ 9 مئی جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں 33 ملزموں کی ضمانتیں منظور کر لیں۔ عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 16 مارچ تک توسیع کر دی۔ عدالت نے اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ راحت بیکری کے سامنے پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں 20 مارچ کو تمام ملزموں کو طلب کر لیا۔ سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ سابق ایم این اے روبینہ جمیل اور شریک ملزم محمد عمیر ضمانت پر ہیں، آئندہ سماعت پر ملزموں میں چالان کی کاپیاں تقسیم جا ئیں گی۔ مقدمہ میں خدیجہ شاہ اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید بھی نامزد ملزم ہیں۔