خیبر پی کے: 5 ارب جاری، یکم رمضان سے ہر شہری کیلئے صحت کارڈ بحال
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبرپی کے میں یکم رمضان سے صحت کارڈ کے تحت تمام شہریوں کے لیے مفت علاج کی سہولت بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت اجلاس میں یکم رمضان سے صحت کارڈ کے تحت صوبے کی 100 فیصد آبادی کے لیے مفت علاج بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اعلیٰ حکام کے علاوہ سٹیٹ لائف انشورنس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صحت کارڈ کے تحت مفت علاج بحال کرنے کے لیے سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کردیے گئے۔ دوران اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ امن و امان کے بعد عوام کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے، صحت کارڈ عوامی فلاح و بہبود کا اہم منصوبہ ہے، اسے ہر حال میں جاری رکھا جائے گا۔