• news

شہباز شریف سے کہا اپوزیشن میں آ جائیں کہیں ہماری تحریک کا نشانہ آپ نہ بن جائیں: فضل الرحمن

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ دھاندلی سیاسی جماعتوں نے نہیں کی۔ خدانخواستہ میں اس ملک کو بنگال کے حالات کی طرف جاتا دیکھ رہا ہوں۔ میں نے شہباز شریف سے کہا کہ اپوزیشن میں آ جاؤکہیں ہماری تحریک کا نشانہ آپ نہ بن جائیں۔ یہ فضل الرحمٰن کی بھی آواز ہے اور ہماری جماعت کی بھی آواز ہے۔ گاؤں گاؤں  جاکر لوگوں کو اپنے پسندیدہ لوگوں کو ووٹ دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ میری جماعت کو کہا جاتا ہے کہ فلاں امیدوار کو ہمارے حق میں بٹھاؤ۔ ہمارے امیدواروں سے پیسے مانگے جاتے ہیں، اگر ہم نے ثبوت پیش کئے تو کوئی جائے پناہ نہیں بچے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یوآئی پنجاب کے جنرل کونسل سے خطاب میں کیا۔ فضل الرحمٰن نے  مزید کہا کہ ہمیں اخلاقی اور فکری بنیاد پر ایک قوم رہنے دو ہمیں جبر کی بنیاد پر ایک قوم نہیں بنایا جا سکتا۔ پارلیمنٹ کی حیثیت ایک نمائشی ادارے کی ہے۔ جمہور اپنا مقدمہ ہار رہا ہے۔ جمہوریت کو کفر قرار دینے والوں سے ہم لڑ رہے ہیں لیکن ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ اگر دھاندلیوں سے پارلیمنٹ بنتی رہے گی تو پارلیمنٹ اپنی اہمیت کھو بیٹھے گی۔ ہم نے جمہوریت کے مفہوم کا تعین اکابر علماء کرام کے مشورے سے کیا ہے۔ ہمیں جمہوریت کے مطابق تسلسل سے چلنے کیوں نہیں دیا جا رہا۔  پارلیمنٹ اپنی مرضی سے لایا جا رہا ہے تاکہ پارلیمنٹ مغرب کے مفادات کا تحفظ کرے۔ امریکا، افغانستان اور فلسطین میں اپنے کردار کے بعد کس منہ سے انسانی حقوق کی بات کرتا ہے۔ امریکا کو معلوم ہے کہ یہی لوگ ہمارے لیے مشکل پیدا کر سکتے ہیں۔ ہم صرف پارلیمنٹ میں نہیں پارلیمنٹ سے باہر بھی مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ ہمارا منشور ہے کہ ہم محکوم لوگوں کی آواز بنتے ہیں۔ بہت سی پارٹیوں کو میدان کی جلدی ہے لیکن آپ کو پتہ ہے کہ میدان ہمارا ہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن