• news

 غزہ میں مظالم‘امت  اسرائیل کا معاشی بائیکاٹ جاری رکھے: منور شاہ جماعتی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، پوری امت مسلمہ دنیا بھر میں اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے ان کا مکمل معاشی بائیکاٹ جاری رکھے۔ غزہ میں ہر طرف لاشیں، بچوں اور عورتوں کی چیخ و پکار ہے۔ اسرائیل اپنے اتحادیوں سے ملکر غزہ پر حملہ آور ہے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے فلسطین پر جاری اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں کے با وجود دنیا صدائے احتجاج بلند نہیں کر رہی، جو اس بات کا ثبوت ہے  مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے دنیا کی بڑی طاقتیں یکجا اور متحد ہیں۔ برطانیہ اور یورپ سمیت جانوروں کے حقوق کے علمبردار کیوں غزہ میں انسانوں اور بالخصوص شیرخواروں کی نسل کشی پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ امریکا و دیگر ممالک اسرائیل کو ہتھیاروں اور فوجی امداد کی فراہمی فوراً روکیں۔ اس کے علاوہ غزہ سے اسرائیلی افواج کا فوری انخلاء￿ اور تمام غیرقانونی اقدامات روکنا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ و دیگر عالمی ادارے اسرائیل کیخلاف جنگی جرائم کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن بھی قائم کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ بھارت انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہا ہے جس کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق ناپید ہیں۔ انتقامی کارروائیوں میں بھارت کی جانب سے حریت قیادت اور عام شہریوں پر بدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن