حیدر آباد: فائرنگ سے طالبہ قتل، بھائی زخمی، ملزم کی خودکشی
حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایک شخص نے فائرنگ کر کے قانون کی طالبہ کو قتل کر کے خودکشی کر لی۔ فائرنگ سے لڑکی کا بھائی شدید زخمی ہوا، جسے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ کے مطابق قاسم آباد میں موٹر سائیکل پر سوار بہن بھائی پر ایک شخص نے فائرنگ کر کے خودکشی کر لی۔ اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس کے مطابق کار سوار نے موٹر سائیکل کو روکا اور گاڑی سے اتر کر موٹر سائیکل سوار بہن بھائی پر فائرنگ کر دی۔ ایس ایس پی کے مطابق واقعہ میں زخمی بھائی بہن میں سے بہن موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ دونوں بہن بھائی لاء کالج میں تھرڈ اور فورتھ ایئر کے سٹوڈنٹس تھے جن پر کار سوار ارشاد کھوکھر نامی شخص نے فائرنگ کر کے خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔ لڑکی کی شناخت یسریٰ بتول اور بھائی کی آکاش کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم پہلے ہی مقتولہ سے بات کرنے کی کوشش اور تنگ کرتا تھا اور کچھ روز قبل ملزم کی مقتولہ سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔