خواجہ سلمان رفیق کی کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی سپورٹس گالہ کی اختتامی تقریب میں شرکت
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 164 ویں سپورٹس گالہ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پروفیسر عامر زمان خان، پروفیسر اعجاز حسین، رجسٹرار پروفیسر سید اصغر علی نقی، پروفیسر وارث فارقہ، پروفیسر یار محمد، پروفیسر محمد شریف، پروفیسر فرحانہ سجاد، پروفیسر کرن خورشید، پروفیسر نادیہ خورشید، پروفیسر سید رضا علی شاہ، پروفیسر اقبال مرزا، پروفیسر مستحسن بشیر، پروفیسر عظمی حسین، پروفیسر مہرالنسا اور دیگر فیکلٹی ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو گلدستہ پیش کیا۔ صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے سپورٹس گالا کی تقریب کے شرکاء سے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں کا شمار پاکستان کی بہترین درسگاہوں میں ہوتا ہے۔ کیمکولیئنز نے اپنی خدمات کے ذریعے ہمیشہ پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔ پنجاب میں بہترین میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ دیں گے اور صوبہ کی طبی درسگاہوں میں پوسٹ گریجویشن کی سہولیات کو بہتر بنائیں گے۔