نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس شہزاد احمد نے حلف اٹھا لیا
لاہور (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے لاہور ہائیکورٹ کے 52 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے عہدہ کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر ہائوس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کی حلف برداری کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے جسٹس ملک شہزاد سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزراء، لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس عابد عزیز شیخ ، جسٹس صداقت علی خان سمیت دیگر ججز، صوبائی وزراء، وفاقی و صوبائی لاء افسران، کور کمانڈر لاہور، آئی جی پنجاب پولیس، جوڈیشل افسران اور لاہور ہائی کورٹ کے افسران سمیت فاضل چیف جسٹس کے عزیزواقارب بھی موجود تھے۔ حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ شیخ خالد بشیر نے لاہور ہائیکورٹ افسران کے ہمراہ چیف جسٹس کو گلدستہ پیش کیا۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان 15 مارچ 1963 کو پنڈی گھیب، ضلع اٹک میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گورڈن کالج راولپنڈی سے گریجویشن کیا، اس کے بعد 1989 میں یونیورسٹی لاء کالج، پنجاب یونیورسٹی، لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور 1990 میں راولپنڈی میں قانون کی پریکٹس شروع کی، 21 سال بطور وکیل پریکٹس کی۔2004 میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل اور 2009 میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر منتخب ہوئے، 12 مئی 2011 کو لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج بنے اور 11 مئی 2013 کو کنفرم ہوئے۔ وہ بطور چیف جسٹس 15 مارچ 2025ء کو عہدے سے ریٹائر ہوں گے۔ اس طرح 12 ماہ 6 دن تک چیف جسٹس کے عہدے پر براجمان رہیں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان کا حلف اٹھانے کے بعد پہلا فیصلہ سامنے آ گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے فل کورٹ کا اجلاس آج (ہفتہ ) طلب کر لیا۔ ساڑھے 10 بجے لاہور ہائیکورٹ کے فل کورٹ ججز کا اجلاس لائبریری ہال میں ہوگا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے تمام ججز شرکت کریں گے۔ اجلاس میں سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق غور کیا جائے گا۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان کے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بننے کے بعد انتظامی کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد حمد خان انتظامی کمیٹی کے سربراہ بن گئے۔