پاک بحریہ کی مشق سی سپارک ختم میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کی مشق سی سپارک 2024ء اختتام پذیر ہو گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اختتامی تقریب کراچی میں ہوئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف مہمان خصوصی تھے۔ ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) نے مشق کی سرگرمیوں کے تناظر میں مروجہ حکمت عملی سے متعلق سفارشات بھی پیش کیں۔ مشق کے دوران پاک بحریہ کے تمام جنگی اثاثے بشمول بحری و فضائی جہاز، آبدوزوں، ائیر ڈیفنس راڈارز نے جنگ کے تناظر میں عملی اقدامات کا مظاہرہ کیا۔ سی سپارک کے دوران لائیو میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ دشمن کے بحری بیڑے کو سمندر میں جوائنٹ آپریشن کے ذریعے نشانہ بنانے کی مشق بھی کی گئی۔ مشق میں پاک بحریہ کے ساتھ ساتھ پی ایم ایس اے، پاکستان آرمی اور پاک فضائیہ کے اہلکار اور جنگی اثاثوں نے جوائنٹ آپریشنز میں شرکت کی۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے آپریشنل تیاریوں اور مشق کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اختتامی تقریب میں متعلقہ وزارتوں اور افواج پاکستان کے اعلی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔