• news

 پرائیوٹائزیشن کے ایجنڈے پر تیز رفتاری سے عمل درآمد کیا جائے، شاہد خاقان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک میں قائم ہونے والی نئی وفاقی حکومت سے پرزور اپیل کی ہے کہ پرائیوٹائزیشن کے ایجنڈے پر تیز رفتاری سے عمل درآمد کیا جائے خاص کر توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیئے کیونکہ معاشی معاملات میں نجی شعبے کی بھر پور شمولیت سے ہی زبوں حال ملکی معیشت میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔سابق وزیراعظم نے یہ بات نیشنل فورم برائے انوائرمنٹ اور ہیلتھ کے تحت گزشتہ روز منعقد ہونے والی سولویں سالانہ سی ایس آر سمٹ اور ایوارڈز-2024 کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر 77 کمپنیوں کو سی ایس آر کے شعبے میں گزشتہ ایک سال میں گرانقدر خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم نے کاروباری اداروں کی جانب سے ملک میں پسماندہ طبقات کی فلاح وبہبود کے لیئے سماجی خدمات کو سراہا۔انھوں نے کہا کہ ملک کے نئے حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیئے پرائیوٹائزیشن کے ایجنڈے پرجلد از جلد عمل درآمد کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ پرائیوٹائزیشن کے ایجنڈے پر خاص کر توانائی کے شعبے میں عمل درآمد کیا جائے کیونکہ ملکی معاشی مسائل کی بڑی وجہ پاور سیکٹر کی زبوں حالی ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نقصان میں چلنے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو فل فور نجی شعبے کے حوالے کیا جائے اور اس حوالے سے کراچی الیکٹرک کی کامیاب مثال کو مد نظر رکھا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن