عالمی دن، فلسطین کی مظلوم خواتین کے نام کرتے ہیں: اختر ڈار
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ خواتین کا عالمی دن غزہ، فلسطین کی مخلص مجبور مظلوم عورتوں کے نام کرتے ہیں جنہوں نے غاصب اسرائیل، امریکہ، برطانیہ اور دیگر مسلم اور غیر مسلم ممالک کے ہاتھوں اس صدی کے المناک ظلم و بربریت کا شکار ہو کر اپنے ایمانی عقیدے اور انسانی حق و حقوق کے دفاع کی خاطر اپنی تما م آل اولاد جان و مال کو خدا کی راہ میں قربان کر دیا مگر یہ عظیم اور قابل قدر خواتین ہیں جنہوں نے بہیمانہ وحشت ناک مظالم سہنے کے باوجود اپنی دینی اور اخلاقی تشخص حجاب یعنی پردے کو برقرار رکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پی ٹی آئی این کی خواتین ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اختر ڈار نے کہا کہ عورت ماں، بہن، بیوی، بیٹی کی شکل میں انسان کی زندگی میں آتی ہے اور عورت کی ہر شکل خوبصورت سے خوبصورت ترین ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جنت ماں کے قدموں تلے رکھ دی ہے۔ بیٹیوں کو پیار کرنا اور جگر کا ٹکڑا کہنا بھی سنت رسولؐ ہے۔