لیگی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنا چاہتی ہے: عارف سندھیلہ
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر ملک کو بحرانوں سے نکالنا چاہتی ہے کیونکہ اس وقت ملک محاذ آرائی نہیں بلکہ اتحاد سے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔ میاں شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ شہباز شریف وزیر اعظم بننے کے بعد آرام سے نہیں بیٹھے، وہ عوام کا درد دل میں رکھتے ہیں۔ دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت کو بھی سیاسی مفادات کے حصول کی بجائے اجتماعی قومی مفادات کی تکمیل کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نگہبان رمضان پیکج مستحقین کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا اور عوام کی عملی خدمت کی طرف ایک بڑا قدم ہے جو پارٹی قیادت کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ پہلی بار غریبوں کو ان کا حق ان کے گھر کی دہلیز پر مل رہا ہے جس کا سارا کریڈٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو جاتا ہے۔