شمالی وزیرستان میں آپریشنز افغان سرحد سے دراندازی کرنیوالوں سمیت 10 دہشت گرد ہلاک، 3 زخمی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نیٹ نیوز) شمالی وزیرستان میں 8 اور 9 مارچ کو سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں میں 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ 8 اور 9 مارچ کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے چار مزید دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا۔ شمالی وزیرستان میں ایک دوسرے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کرنے والے پانچ دہشت گردوں کو روکا، فائرنگ کے شدید تبادلہ کے بعد دو دہشت گرد حضرت عمر اور دہشت گرد رحمان نیاز کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ تین دہشت گرد زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کو ملک سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔