پنجاب کے لوگوں کا کمال ہے دھی رانی کو وزیراعلیٰ بنا دیا: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں طوفانی بارشوں کے امکان پر پیشگی حفاظتی اور انتظامی اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلعی انتظامیہ اور امدادی سرگرمیاں کرنے والے اداروں کو مزید ہدایت کی کہ ہنگامی اقدامات کے تمام اداروں کو عوام کی حفاظت کے لئے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 سمیت صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ انتظامات سے آگاہ کریں۔ نشیبی علاقوں سے عوام کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔ عوام کو صورتحال سے پیشگی خبردار کیا جائے۔ میڈیا، سوشل میڈیا اور موبائل الرٹس سروس سے مدد لی جائے اور دیہی علاقوں میں مال مویشیوں کی بروقت منتقلی کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ مریم نواز شریف کی ہدایت پر برین ٹیومر کے مریض بچے فرزان کا علاج فوری شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیکرٹری صحت کو قلعہ دیدار سنگھ، لوہاراں والا کے رہائشی محمد رضوان کاشف کے بیٹے فرزان کے علاج کی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر فرزان کے علاج کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ مریم نواز شریف نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نو منتخب صدر اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ پنجاب کے لوگو ں کا کمال ہے ایک دھی رانی کو وزیراعلیٰ بنایا۔ دھی رانی کو وزارت اعلیٰ کا منصب دے کر پنجاب کی خواتین اور مرد حضرات نے اپنی بہن اور بیٹی کو عزت بخشی اور اس کا مان رکھا۔ انڈین اور پاکستانی پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر پنجابیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، جہاں جاتی ہوں مائیں، بہنیں، بزرگ سب عزت دیتے ہیں۔ پنجاب سے باہر کہیں بھی چلے جائیں، پنجاب اندر سے نہیں نکلتا، میں اندر باہر سے ٹھیٹھ پنجابی کڑی ہوں لیکن پنجابی ہونے سے پہلے پاکستانی ہوں۔ پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کی عورت مشکل سے نہیں گھبراتی، مضبوط ہے، مشکل وقت میں باپ کی طاقت، شوہر کا سہارا اور بھائی کی راز دار ہوتی ہے۔ پنجاب کی بیٹی ہوں مشکلات سے نہیں گھبراتی، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیتی ہوں۔ ماں، بہن ، بیٹی مضبوط ہو گی تو معاشرہ مضبوط ہو گا۔ والدین بچوں کو پنجابی سکھائیں اور پڑھائیں۔ پنجابی فلم کی بحالی کے لئے جو بھی کہیں گے کیا جائے گا، ثقافت کے برے دن ختم ہوئے، اب ترقی کے دن آگئے۔ پنجابی زبان کو زندہ رکھنے کے لئے پنجاب کی ثقافت کا تحفظ بہت ضروری ہے۔ پنجابی ثقافت کے دن کو سکول، کالج، یونیورسٹی لیول پر بھی مناتے رہنا چاہیے، پنجاب نے پانچ دریاؤں کو اپنی آغوش میں لیا، پنجاب کی ثقافت کے رنگ ہر صوبے کی ثقافت میں جھلکتے۔ بچوں کو اردو بھی سکھائیں لیکن پنجابی زبان کو ان کے لئے اجنبی نہ بنائیں، پنجابی کو سکولز میں سبجیکٹ کے طور پر متعارف کرایا جائے گا۔ مشکلات کے دور میں میاں محمد بخشؒ کی شاعری نے سہارا دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب کے میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب ثقافت دیہاڑ تے مینوں بلان لئی تہاڈا بہت شکریہ۔ وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے عمدہ پروگرام ترتیب دیا۔ فنکاروں نے سماں باندھ دیا۔ دفتر کی تھکا دینے والی روٹین سے ہٹ کر تقریب میں شامل ہوکر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ سیاست میں ماں بہن کو گالیاں اور برا بھلا کہنا ہماری ثقافتی جڑو ں کو کمزور کر رہا ہے۔ رواداری کا کلچر، دوسروں کی ماں، بہن، بیٹی اور بزرگ کی عزت والی روایات کو بھلاتے جا رہے ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔ کلچر کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری تشہیر کریں اور کالجز اور یونیورسٹی میں ایسی تقاریب منعقد ہونی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جتنی بھی خواتین وزراء‘ ارکان اسمبلی اور افسران ہیں‘ انہوں نے یہاں تک پہنچنے کے لئے بہت زیادہ محنت کی اور مشکلات برداشت کی ہیں۔ پنجابی فلم میکرز کو جو بھی ضرورت ہو گی میرے پاس آئیں‘ ضرورت پوری کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو پنجاب کی روایتی چادر اوڑھائی گئی۔ صوبائی مشیر پرویز رشید کو پگ پہنائی گئی۔ مریم نواز نے زرداری کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والے کا صدر منتخب ہونا پاکستان کیلئے اچھی خبر ہے۔