ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق
ٹانک(آئی این پی ) خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقہ گومل بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور لواحقین کے لیے شہید پیکیج کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو شہید اہلکار کے لواحقین کو شہدا پیکیج کے تحت معاوضہ دینے کے لئے ضروری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے خیبر پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہم پولیس شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، صوبائی حکومت شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، شہید کے اہل خانہ کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔