کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 9 کے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 3 وکٹ سے ہرا دیا۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ پر 177 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق نے 55 اور فخر زمان نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔شائی ہوپ 9، مرزا بیگ 4 اور شاہین شاہ آفریدی ایک رن بناسکے، ڈیوڈ ویسا 24 اور سکندر رضا 22 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ زاہد محمود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انور علی اور بلیسئنگ موزا ربانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں کراچی کنگز نے 7 وکٹوں پر ہدف آخری گیند پر حاصل کرلیا۔ٹم سیفرٹ 36‘جیمز ونس42‘شان مسعود24‘عرفان خان 35‘انور علی ایک ‘عرفات منہاس ایک رن بناسکے ۔ شعیب ملک27اور حسن علی تین رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ طیب عباس نے دو‘شاہین آفریدی ‘زمان خان ‘سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ عرفان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ملتان سلطانز 12 اور پشاور زلمی 11 پوائنٹس کیساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے، دونوں ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔اسلام آباد 9 میچز میں 9 پوائنٹس کیساتھ تیسرے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز میں 9 پوائنٹس کیساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔کراچی کنگز9میچوں میں8 پوائنٹس کیساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ لاہور قلندرز9میچوں میں 3 پوائنٹس کیساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔