دکھا کر ووٹ کاسٹ کرنے پر سنی اتحاد کونسل کی رکن سونیا علی کا ووٹ چیلنج
لاہور ( این این آئی) صدارتی انتخاب میں دکھا کر ووٹ کاسٹ کرنے پر سنی اتحاد کونسل کی رکن صوبائی اسمبلی سونیا علی کا ووٹ چیلنج کر دیاگیا ۔حکومتی اتحاد کے امیدار آصف علی زرداری کے پولنگ ایجنٹ علی حیدر گیلانی کی جانب سے پریذائیڈنگ آفیسر کو دی گئی تحریری درخواست میں کہا گیا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے سنی اتحاد کونسل کی رکن اسمبلی سونیا علی نے بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کے بعد کھول کر پولنگ ایجنٹ کودکھایا اور کاسٹ کیا ۔اس موقع پر الیکشن کمیشن کے عملے نے انہیں منع بھی کیا لیکن انہوں نے زبردستی ووٹ کاسٹ کر دیا ۔ ووٹ کا دکھایا جانا صریحا الیکشن رولز اور قانون کی خلاف ورزی ہے ۔