شاندانہ گلزار نئی انقلابی بنی ہیں‘ مبینہ آڈیو سامنے لائے: عظمیٰ بخاری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پراپیگنڈے کرنے والوں کو اب مزید اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے متعلق اگر کسی نے بات کی تو ثبوت دیں ورنہ معاف نہیں کریں گے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی گدھ ہیں جنہیں لاشیں بیچنے اور اکٹھے کرنے کا شوق ہے۔ لاشوں پر سیاست کرنا ن لیگ کا مطمع نظر نہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز کی مبینہ آڈیو شاندانہ گلزار سامنے لائی ہیں کہ ظل شاہ کی لاش سے گاڑی گزار دیں تو یہ الزامات برداشت نہیں ہوں گے۔ نئی انقلابی شاندانہ گلزار آزاد جنہیں گفتگو کرنے کا شوق آیا ہے۔ شاندانہ گلزار نے بہت بے سروپا اور لغو الزام وزیر اعلیٰ پنجاب پر لگایا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایف آئی اے میں درخواست شاندانہ گلزار کے خلاف دے دی گئی۔ شاندانہ گلزار اب نہ بھاگیں وہ مریم نواز کی آڈیو لے کر آئیں وہ آڈیو کہاں ہے۔ ظل شاہ مرحوم پی ٹی آئی ورکر کو اپنی پارٹی لوگوں نے کچلا۔ وہ سارا سارا دن ٹینٹ میں بیٹھا رہتا تھا عمران خان سے ملاقات کا منتظر رہتا تھا۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ آپ کو اب انکوائری میں آنا پڑے گا، عورت کارڈ اب نہیں چلے گا۔ وہ الزامات ثابت کریں ورنہ آپ کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ظل شاہ کارکن کے قتل کا الزام تم لوگوں پر ہے یاسمین راشد نے قتل پر پردہ ڈالا اگر بات کریں تو کینسر کارڈ آ جاتا ہے۔ اب ن لیگ کی جانب سے زیرو ٹالرینس پالیسی ہو گی۔ نواز شریف کی مقبولیت تصویروں کی محتاج نہیں ان کے بغیر ن لیگ کچھ نہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے خیبر پی کے سے ووٹ چوری ہوئے، ہم ان کے ساتھ ہیں۔ علی امین گنڈا پور کو نامزد کیا۔ نو مئی مطلوب شخص کو وزیر اعلیٰ بنا کر کیا بتانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 2015ء میں ہیلتھ کارڈ شروع کیا تو پنجاب میں نقل ماری گئی۔ سبز لال کارڈ کو تحریک انصاف ہیلتھ کارڈ بنایا تھا، اب بھی ہیلتھ کی سہولیات عوام کو ملیں گی۔