بھارت بندوق کی نوک پر کشمیر یوں کو اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتا
سرینگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت بندوق کی نوک پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتا،بھارت سے آزادی ہر کشمیری کا خواب ہے جنہیں بڑے پیمانے پر بھارتی ریاستی دہشت گردی، سیاسی ناانصافی اور خوف و ہراس کا سامنا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت بندوق کی نوک پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتا ہے اور وہ انکے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے انہیں بدترین مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کے حل کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کرے اور اس کے حل کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سری نگر کی تقریر میں کوئی نئی بات نہیں تھی۔ جموں و کشمیر کے لوگوں کی امیدوں پر انہوں نے پانی پھیر دیا جس سے کشمیری مایوس ہوئے۔ جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں ہمیں صبر و استقامات کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور یہ اللہ کا وعدہ ہے کہ ہر سختی کے بعد آسائش ہے۔