پنجاب یونیورسٹی :پاکستان کا سب سے بڑا 3 روزہ کتاب میلہ اختتام پذیر
لاہور( لیڈی رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان کا سب سے بڑا 3 روزہ کتاب میلہ اختتام پذیر ہوگیا جس میں پہلے دو روز میں 80ہزار سے زائد کتب فروخت ہوئیں۔ جبکہ تیسرے دن بھی کتاب میلے میں شہریوں کا تانتا بندھا رہا۔ تیسرے دن کتاب میلے میں صوبائی وزیر برائے سکول ایجوکیشن رانا سکند ر حیات، امیر جماعت اسلامی سراج الحق،سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ، وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چیئرمین انسٹیٹیوٹ فار لیگل ریسرچ اینڈ ایڈووکیسی سید شہباز بخاری، سینئر صحافی سلمان غنی، فرخ سہیل گوئندی،سلمان عابد،الطاف حسن قریشی، نجم ولی خان،یاسر پیرزادہ، ڈائریکٹر کو آرڈینیشن پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر تنویر قاسم، وکلاء ، ڈاکٹرز، ادیب، شعراء، اساتذہ و، طلباؤطالبات اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے فیملیز کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر برائے سکول ایجوکیشن رانا سکند ر حیات نے کہا ہے کہ علم کے فروغ میں کتابوں کا بہت اہم کردار ہوتا ہے جس کے لئے پنجاب یونیورسٹی میں سجایا گیا کتاب میلہ بہترین کاوش ہے۔ کتاب میلے میں آکر کر بہت اچھا لگااورماضی میں پڑھی گئی کتابیں دوبارہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ وزیر اعلی پنجاب نے سکولوں میں اولڈ بک بینک بنانے کا کہا ہے۔