تشدد کا شکار رضوانہ کی خواتین کے عالمی دن تقریب میں شرکت ،کیک کاٹا
لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ دین اسلام نے خواتین کو خصوصی عزت و احترام اور حقوق سے نوازا ہے جن کی پاسداری ہم سب پر واجب ہے جبکہ دین اسلام وہ واحد مذہب ہے جس نے خواتین کو وراثت کا حق دے کر ان کی محرومیوں کا ہمیشہ کیلئے ازالہ کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں گھریلو تشدد کی شکار رضوانہ جو ایل جی ایچ میں زیر علاج رہی کو بطور مہمان خصوصی شرکت کیلئے بلایا گیا جبکہ سینئر خواتین ڈاکٹرزنے رضوانہ کے ساتھ مل کر کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر پرنسپل سمز پروفیسرزہرہ خانم، پروفیسر عائشہ شوکت،پروفیسر ندرت سہیل، پروفیسر شمسہ ہمایوں، پروفیسر طیبہ وسیم، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر مہوش الیاس اور ڈاکٹر نادیہ ارشد سمیت خواتین ڈاکٹرز و نرسز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پرنسپل امیر الدین کہا کہ آج کے جدید دور میں خواتین اعلیٰ تعلیم، ٹیکنالوجی،میڈیکل سائنس، بزنس، ڈیفنس،عدلیہ سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سر انجام دے کر اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں اور یہ بات ثابت ہوگئی کہ خواتین مردوں سے کسی بھی طرح کم نہیں ۔