روزہ ہمیں تقویٰ اور پرہیز گاری سکھاتا ہے: علامہ راغب حسین نعیمی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)دار العلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاکہ روزہ تقویٰ اور پرہیز گاری سکھاتا ہے، تزکیہ نفس کیلئے ہماری سوچ اور خیالات پاکیزہ ہونے چاہئیں، ماہ صیام اللہ تعالیٰ کی طرف سے تحفہ ہے، یہ ہمیںبخشش کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں گناہوں سے توبہ کرنی چاہئے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ رمضان اور قرآن آپس میں لازم و ملزوم ہیں، اس مقدس ماہ میں ہمیں قرآن کریم ترجمہ، تفسیر کے ساتھ اور سمجھ کر پڑھنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ منورہ میں علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ روزے کا مقصد گناہوں سے بچنا، تقویٰ اختیار کرنا ہے، روزے کا سب سے بڑا فائدہ اور حکمت یہ ہے کہ اس کے ذریعے نفس پر کنٹرول کر کے اللہ کی اطاعت و فرماں برداری کرنے اور شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کا مزاج بنتا ہے۔