• news

سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے: چوہدری شافع 

لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان نے ملاقات کرکے کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ۔ اس موقع پر مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں دور کرنے کیلئے کوششوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ، پنجاب حکومت رمضان المبارک میں پسے ہوئے طبقات کو ریلیف پیکج گھر کی دہلیز پر فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجا ب حکومت اپنا موثر ڈیٹا بھی مرتب کرے گی جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف کے منصوبوں میں مزید شفافیت بلکہ صوبے کی ترقی کیلئے مختلف اقدامات میں آسانی میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اصلاحات کریں گے ، سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ندیم پہلوان نے کہا کہ مسلم لیگ کی قیادت کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ ملک کے گھمبیر معاشی حالات کے پیش نظر سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا ۔انہوںنے پاکستان مسلم لیگ حکومت کی اتحادی ہے لیکن جہاں عوام کے حقوق کی بات آئے گی وہاں اپنی بھرپور آواز بلند کریں گے اور ہم نے ماضی میں ایسا کر کے دکھایا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن