تعلیماتِ نبوی ؐ ہمارے پاس بہترین اثاثہ ہیں،پیر نقیب الرحمن
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے وطنِ عزیز کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنانے کیلئے تعلیماتِ نبوی ؐ ہمارے پاس بہترین اثاثہ ہیں اور خانقاہی نظام کا یہ خاصہ ہے اس سے منسلک اور اس سے رجوع کرنے والی مخلوقِ خدا کے دلوں کو نورِعشقِ مصطفی ؐسے منور کر کے ایک ایسے مہذب اور اعلی اخلاق سے مزین معاشرے کو پروان چڑھایا جائے جہاں احترامِ آدمیت، حسنِ اخلاق، رواداری، اخوت و محبت اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کے جذبات موجود ہوں۔ ربِ رحمن کے کرم سے زندگی میں ایک مرتبہ پھر ایک نہایت با برکت اور با عظمت ماہِ رمضان المبارک امتِ پر سایہ فگن ہونے والا ہے جس کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے جب بھی یہ عظیم ماہِ مبارک آتا حضور نبی رحمت ؐصحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کو اکھٹا فر ما کر اس ماہِ مبارک کی اہمیت اور عظمت کے متعلق خطبہ ارشاد فرمایا کرتے۔ اس ماہِ مبارک میں ہمیں کوشش کرنی ہے کہ اپنے مفلس و نادار مسلمان بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں، نا جائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں،تحمل، اخوت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور صاحبِ تقوی بن جائیں تا کہ ربِ رحمن کی رضا و خوشنودی کو پا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی و ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات اور آباد کاری لئے خصوصی دعا کی۔