’مودی زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے والوں کو بیویاں کھانا مت دیں، کیجری وال
دہلی ( نیٹ نیوز) دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال نے خواتین سے کہا ہے شوہر وزیر اعظم مودی زندہ باد کا نعرہ لگائے تو اسے کھانا مت دو۔ دہلی میں ’مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا‘ کے تحت ’مہیلا سمان سماروہ‘ سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجری وال نے کہا ہم نے بجلی اور بس کا سفر مفت کردیا ہے،اب دہلی میں ہر عورت کے لیے ہزار روپے کی سکیم لائی جارہی ہے۔ مودی سرکار نے خواتین کے لیے کیا کیا ہے؟دہلی کے وزیر اعلیٰ نے عام آدمی پارٹی کی حمایت کرنے والی خواتین سے کہا وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی خواتین سے کہیں اروند کیجری وال تمہارا بھائی ہے جو ہر مشکل گھڑی میں تمہارے ساتھ کھڑا رہے گا۔انہوں نے خواتین سے کہا وہ گھر کے دیگر افراد کو بھی عام آدمی پارٹی کا حامی بنانے کی کوشش کریں کیونکہ بگڑے معاملات کو درست کرنے میں خواتین کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔