• news

کریک ڈاؤن تیز، 1757 گرانفروش گرفتار‘ مقدمات

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) رمضان المبارک  سے قبل پنجاب میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے اور ایک ہفتے  کے دوران 1757 افراد کوگرفتار اور 639 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پرائس مجسٹریٹس نے گرانفروشی میں ملوث دکانداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے۔ پرائس مجسٹریٹس کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اشیاء کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں اشیاء خورونوش کی قیمتیں ڈپٹی کمشنرز خود مقرر کرتے ہیں۔ نرخنامہ پر عملدرآمد بھی ان کی ذمہ داری ہے۔ گوجرانوالہ، قصور، بہاولنگر سمیت 10 اضلاع میں راشن بیگز کی تقسیم کا عمل تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکج کا بنیادی مقصد مستحق افراد کو راشن بیگز کی گھر کی دہلیز پر فراہمی ہے۔ یقینی بنایا جائے کہ مستحق افراد کو راشن بیگز ان کے گھروں پر ہی ڈلیور کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ راشن بیگز گھروں کی دہلیز پر فراہم نہ کرنے والے عملہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن