• news

رمضان شروع ہوتے ہی مسلمان نیویارک ٹائمزسکوائر پر جمع، نمازِ تراویح  پڑھی

 نیویارک (آئی این پی )امریکہ میں نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر درجنوں مسلمان نماز ادا کرنے کے لیے جمع ہوئے، انہوں نے غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ مقدس ماہ کے شروع ہوتے ہی مسلمانوں نے نیو یارک ٹائمز اسکوائر پر نمازِ تراویح ادا کی۔ نمازیوں میں سے ایک 20 سالہ سلمان الحنفی نے کہا کہ میں ہر جگہ مسلمانوں کو دیکھ کر حیران ہوں، یہاں پہلی بار آیا ہوں۔ نیویارک میں شدید سردی اور ٹھنڈی ہوا کے باوجود مسلمانوں کی بڑی تعداد دعائیہ اجتماع کے لیے جمع ہوئی، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ وہاں موجود ایک نمازی نے کہا کہ  اجتماعی دعائیں لوگوں کو یہ جاننے میں مدد کرنے کے لیے اہم ہیں کہ دنیا بھر میں کیا ہو رہا ہے۔ غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے کچھ لوگ فلسطینی پرچم کے سرخ، سفید، سبز اور سیاہ رنگوں سے مزین ٹوپی پہن رکھی تھی، جب کہ الیکٹرک وہیل چیئر پر ایک نوجوان لڑکے نے بینر اٹھا رکھا تھا۔ اسرائیل-غزہ جنگ کے بعد سے نیویارک میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے درجنوں مظاہرے کیے جاچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن