بھرتی کیس: پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر عدالت برہم‘ جیل سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز
لاہور (خبر نگار) سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الٰہی نے کیسوںکی تفصیلات کے حصول کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تمام کیسز سیاسی بنیادوں پر درج کئے گئے، خدشہ ہے کہ مزید کیسز درج اور انکوائریاں شروع کر دی گئی ہوں۔ متعلقہ حکام کیسوں اور انکوائریوں کی تفصیلات فراہم نہیں کر رہے۔ عدالت کسی بھی نامعلوم کیس میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے، عدالت نامعلوم درج کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کرے۔ جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے پرویز الٰہی کو کیس سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے لگتا ہے فریقین کو اپیل کے فیصلے میں کوئی جلدی نہیں۔ اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الٰہی کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ ملزموں کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ عدالت نے 19 مارچ کو فرد جرم کی کارروائی کے لئے ملزموں کو طلب کر لیا۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ پرویز الٰہی کی صحت خراب ہے جس کے باعث وہ سفر نہیں کر سکتے۔ عدالت نے پرویز الٰہی کو عدالت پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کیا۔