• news

صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم کی ملاقات

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری گارڈ آف آنر کے لیے بگھی میں پہنچے۔ مسلح افواج کے دستے نے صدرِ مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی۔ سیاسی صورتحال سمیت اتحادیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کی پھر درخواست کر دی۔ صدر نے معاملے پر سوچ بچار کا وعدہ کیا۔ ملاقات میں حکومتی امور اور معاشی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری سے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے ملاقات کی۔ چودھری شجاعت نے آصف علی زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور مل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا۔ مزید براں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سربراہ عوامی نیشنل پارٹی اسفند یار ولی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری تعزیتی بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں اور دعائیں سوگواران کے ساتھ ہیں۔ صدر مملکت نے ورثا  کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔مزید برآں صدر مملکت آصف زرداری کو تاجکستان کے ہم منصب امام علی رحمان نے ٹیلی فون کیا۔ تاجک صدر نے آصف علی زرداری کو عہدہ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ صدر آصف علی زرداری نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر تاجک ہم منصب کو مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن