• news

چاند نظر آ گیا، پہلا روزہ آج: مظلوم فلسطینیوں کی مدد کی جائے: صدر، وزیراعظم

لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز) ملک میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے اور آج بروز منگل پہلا روزہ ہو گا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت ہوا۔ ملک بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ لاہور‘ سوات‘ دیر اور پشاور سمیت مختلف شہروں سے رویت ہلال کی شہادت موصول ہوئیں۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی پہلا روزہ آج ہو گا۔ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے   رمضان المبارک1445ھ / 2024  کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کے رحمتوں اور مغفرتوں سے بھرپور مہینے کے آغاز پر پوری پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ رمضان المبارک ہمیں اللہ تعالی کی فرمانبرداری اور اس کی بندگی میں سرشار ہوکر ایک مثالی مسلمان بننے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ مبارک مہینہ امت کے مابین ہمدردی، ایثار، اخوت، بھائی چارے اور تعاون کا پیغام بھی لے کر آتا ہے۔ رمضان المبارک میں ہماری یہ تربیت بھی ہوتی ہے کہ ہم معاشرے کے غرباء، مساکین، یتامیٰ، نادار اور کمزور طبقات کا احساس کرتے ہوئے ان کی مدد کریں۔ میں رمضان المبارک کے مبارک موقع پر مخیر حضرات سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بڑھ چڑھ کر زکوۃ، صدقات اور خیرات ادا کریں۔ اپنی استطاعت سے بڑھ کر غریبوں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مالی مدد کریں اور اس سلسلے کو سارا سال جاری رکھیں۔ میں اس مبارک مہینے کے آغاز پر اقوام  عالم اور مسلم امہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کی بھی مدد کریں اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا۔ مفتی اعظم ناصر الاسلام کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلا روزہ آج بروز منگل 12 مارچ کو ہے۔ نماز تراویح کا آغاز ہوگیا ہے۔ شہریوں کی کثیر تعداد نماز عشاء و تراویح کیلئے جامع مساجد، مدارس اور بڑے درگاہوں سے ملحق مساجد میں نماز تراویح کیلئے پہنچ گئی۔ صوبائی دارالحکومت کی بڑی مساجد بادشاہی مسجد، داتا دربار، مسجد وزیر خان، جامع نعیمیہ، جامع اشرفیہ، جامع قادسیہ سمیت بڑی جامع مساجد میں نماز تراویح کے اجتماعات شروع ہوئی جو شعبان المعظم کا چاند نظر آنے تک جاری رہیں گے۔ اسی طرح خواتین کے نماز تراویح کے لئے بھی گھروں میں انتظامات کئے گئے تھے۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہاکہ پوری قوم کو رمضان المبارک کا چاند مبارک ہو، اللہ تعالیٰ وطن عزیز پاکستان کو اتحاد و وحدت عطاء  فرمائے ۔ ملک پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے آمین، اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام‘ ترقی وخوشحالی، اتحاد و وحدت، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ مہینہ امت مسلمہ کے درمیان ہمدردی‘ اخوت اور بھائی چارے کا باعث بھی بنتا ہے۔ روزے دار کو بھوک و پیاس سے معاشی طور پر کمزور لوگوں کا احساس ہوتا ہے۔ صاحب ثروت افراد سے گزارش ہے وہ معاشی طور پر کمزور لوگوں کی مدد کریں۔ صیہونی مظالم کے شکار فلسطینیوں کی مدد و نصرت کیلئے بھی دعا کریں۔ حکومت پاکستان اور قوم اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر ظلم کی مذمت کرتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن