• news

اسحاق ڈار خارجہ، خواجہ آصف دفاع، محسن نقوی داخلہ، اورنگزیب خزانہ، عطا تارڑ وزیر اطلاعات مقرر

 اسلام آباد( خبرنگار خصوصی ) وفاقی کابینہ کے ارکان کو محکمے تفویض کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ۔ اسحاق ڈار وزیرخارجہ ہوں گے۔خواجہ آصف وزیر دفاع ہوں گے، اس کے علاوہ دفاعی پیداوار اور ایوی ایشن کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہو گا۔سید محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا قلمدان تفویض کیا گیا تاہم وزارت انسداد منشیات کا اضافی چارج بھی ان کو دیا گیا ہے۔محمد اورنگزیب وزیر خزانہ ہوں گے جبکہ ریونیو کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہوگا۔عطا تارڑ وزیراطلاعات اور نشریات ہوں گے۔ احسن اقبال وزیرمنصوبہ بندی اور ترقی، عبدالعلیم خان وزیرنجکاری، بورڈ آف انویسٹمنٹ کا اضافی چارج بھی علیم خان کے پاس ہو گا۔جام کمال خان وزیرتجارت اور اویس احمد خان لغاری کو وزیر ریلوے مقرر کیا گیا ہے۔ رانا تنویر حسین وزیر صنعت و پیداوار ، خالد مقبول صدیقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اعظم نذیر تارڑ وزیر قانون ہوں گے اور انہیں وزارت انسانی حقوق کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔ مصدق ملک وزیر پیٹرولیم ہوں گے، وزارت پاور کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہوگا۔چوہدری سالک حسین کو وزیر سمندر پار پاکستانیز و انسانی ترقی تفویض کی گئی ہے جبکہ امیر مقام سیفران کے وزیر ہوں گے اور وزارت قومی ورثہ و ثقافت کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہو گا۔ احمد چیمہ کو وزارت اقتصادی امور کا قلمدان سونپ دیا گیا، اسٹیبلشمنٹ کا اضافی چارج بھی احد چیمہ کے پاس ہوگا جبکہ  قیصر احمد شیخ کو وزارت میری ٹائم افئیرز  اور ریاض پیرزادہ کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن