رمضان بازار آج سے فنکشنل‘ 12لاکھ گھرانوں کو راشن پہنچا چکے: شافع حسین
لاہور(کامرس رپورٹر )رمضان ریلیف پیکیج کی مانیٹرنگ کیلئے وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بذریعہ وڈیو لنک کی جس میںصوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال یاسین، عظمیٰ بخاری،عاشق حسین کرمانی اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی‘ ڈویژنل کمشنرز بذریعہ وڈیو لنک شریک ہوئے۔اجلاس میں رمضان پیکیج پر عملدرآمد، اشیاء ضروریہ کی دستیابی ،قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رمضان پیکج کے تحت اب تک 12 لاکھ سے زائد گھرانوں کو انکی دہلیز پر راشن پہنچایا جاچکا ہے۔ صوبے بھر میں 36 ماڈل اور 15رمضان بازاروں میں عوامی کو معیاری اشیاء سستے داموں ملیں گی اور یہ رمضان بازار آج سے فنکشنل ہوجائیں گے،چوہدری شافع حسین نے کہا کہ خود ساختہ مہنگائی کو روکنے کیلئے دکانوں پر ریٹ لسٹیں نمایاں آویزاں ہونی چاہئیں،انہوں نے اشیاء ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔