آئی جی کا دورہ قربان لائنز ،مختلف دفاتر میں زیر تکمیل ترقیاتی کاموں کا جائزہ
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قربان لائنز کا دورہ کیا اور مختلف دفاتر میں زیر تکمیل ترقیاتی کاموں کی انسپکشن کی۔ آئی جی پنجاب نے ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ٹرانسپورٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اورجاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اورسکیورٹی اینڈ ٹیکنیکل پروکیورمنٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔انہوںنے کہا کہ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ٹرانسپورٹ ونگ کا لا اینڈ آرڈر کے قیام اور جدید پولیسنگ میں اہم کردار ہے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو مقررہ ڈیڈ لائن میں دفاتر کی تعمیر اور تزئین و آرائش مکمل کرنے کا حکم دیا۔ جبکہ پنجاب پولیس علالت کا شکار اپنے ملازمین کی بحالی کے مشن میں پیش پیش ہے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کا سلسلہ جار ی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کے طبی اخراجات میں معاونت کیلئے مزید فنڈز جاری کر دئیے۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور کے نارووال میں طالبعلم پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے واقعہ کے نوٹس پرپولیس ٹیم کا بروقت ایکشن، تشدد میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ تشدد میں ملوث ملزمان کیخلاف تھانہ سٹی نارووال میں مقدمہ درج کیا گیا۔ تشدد کرنیوالے مرکزی ملزم ثاقب کو گرفتار کر لیا جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی پی او نارووال نے کہاکہ تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائیں گے۔