• news

لاکھوں کی وارداتیں‘ اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ڈاکوؤں کی گھروں میں لوٹ مار

لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں ،گاڑیاں اوردیگرسامان لوٹ لیا۔ تفصیلا ت کے مطابق ڈاکوؤں نے ہربنس پورہ کے علاقے میں ظہیر الدین کے گھر گھس کر اہلخانہ کو  یرغمال بنا کر 5 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، فیصل ٹاؤن کے علاقے میں عنصر  سے 3 لاکھ 25 ہزار روپے اور موبائل فون، مانگا منڈی میں فرید سے 2 لاکھ نقدی و موبائل فون، کاہنہ میں احمدسے 2 لاکھ 60 ہزار روپے نقدی و موبائل فون، بادامی باغ کے علاقے میں ولی سے 2 لاکھ 65 ہزار روپے نقدی و موبائل فون، شاہدرہ میں   لقمان سے 4 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی و موبائل فون، غالب مارکیٹ میں عمر سے 2 لاکھ 40 ہزار روپے نقدی و موبائل فون، مصطفی ٹاؤن میں جواد سے 2 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی و موبائل فون، گارڈن ٹاؤن میں عدنان سے 8 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے باٹا پور، ڈیفنس،گجر پورہ اور شمالی چھاؤنی کے علاقوں میں سے 4 کاریں جبکہ لٹن روڈ، شیراکوٹ، نولکھا، اسلام پورہ، نصیر آباد،کاہنہ، ماڈل ٹاؤن ،نشتر کالونی اور نواں کوٹ کے علاقوں میں سے 9 موٹرسائیکلیں چوری کرلیں۔

ای پیپر-دی نیشن