• news

نااہلی درخواست: اثاثے ظاہر نہ کرنے پر علی امین گنڈاپور کو نوٹس جاری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے  اثاثے ظاہر نہ کرنے کے معاملے میں وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور کو نوٹس جاری کر دیا۔ الیکشن کمشن کے 2 رکنی بنچ نے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور سے متعلق مختصر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق ڈی آئی خان میں 735 کنال اراضی علی امین گنڈاپور کے نام عارضی ٹرانسفرکی گئی۔ فیصلے کے مطابق درخواست گزار نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو منتقل زمین کے اصل مالک آصف خان تھے۔ وزیر اعلیٰ کے پی نے گاڑی اسی زمین کو بیچ کر حاصل کی تھی۔ درخواست گزار کے مطابق غلط بیانی پر علی امین گنڈاپور صوبائی اسمبلی کی نشست کے اہل نہیں ہیں۔ الیکشن کمشن کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو 26 مارچ کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے سامنے پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن