• news

وفاق سے واجب الادا رقم : وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی عدالتوں سے رجوع  کی ہدایت 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) خیبرپی  کے کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے وفاق کے ذمہ واجب الادا پیسے نہ ملنے پر عدالتوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ کو وفاق کے ذمہ صوبے کے واجبات اور مالی امور پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں حکام نے بتایاکہ پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں وفاق کے ذمہ 1510 ارب روپے واجب الادا ہیں، نیشنل گرڈ کو دی جانے والی بجلی کی مد میں 6 ارب روپے بقایاجات ہیں۔ بریفنگ کے مطابق قبائلی اضلاع کا صوبے سے انتظامی انضمام ہوگیا لیکن مالی ابھی تک انضمام نہیں ہوا، قبائلی اضلاع کے انضمام سے صوبے کی آبادی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ آبادی کے تناسب سے این ایف سی میں صوبے کا شیئر 19.64 فیصد بنتا ہے اور صوبے کو اس وقت این ایف سی کا صرف 14.16 فیصد شیئر ملتا ہے۔ آبادی کے حساب سے این ایف سی میں سالانہ 262 ارب روپے ملنے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے معاملات وفاق کے ساتھ اٹھانے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایک ماہ میں ہوم ورک مکمل کرکے پلان آف ایکشن مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واجبات اور آئینی حقوق کیلئے تمام فورمز پر آواز اٹھائی جائے گی۔ وفاقی حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھانے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن