سلنڈر دھماکے، ملتان: میاں، بیوی، بچوں سمیت 9 افراد، پنڈی میں کمسن بہن بھائی جاں بحق
ملتان؍ راولپنڈی (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں ملتان میں تین منزلہ عمارت گر گئی جس کے نتیجہ میں میاں بیوی اور پانچ بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ راولپنڈی میں گیس لیکیج کے چار دھماکوں میں دو کمسن بہن بھائی دم توڑ گئے اور گیارہ افراد زخی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حرم گیٹ محلہ جوگیاں میں خاتون نے سحری کے وقت آگ جلائی تو سلنڈر پھٹنے سے دھماکے کے باعث 3 منزلہ بوسیدہ عمارت قریبی کچے مکان پر گر گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ فہیم عباس، 15 سالہ دانش، 12 سالہ امیر علی، 14 سالہ وسیم، 40 سالہ صنوبر، بختاور امین اور 13 سالہ کومل، عبداللہ، نصیب الرحمن جبکہ زخمی ہو نے والوں میں 40 سالہ وقار اور 22 سالہ مسرت شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ضلعی انتظامیہ سے اس حادثہ میں جاںبحق اور زخمی ہونے والوں کے خاندان کی مالی مدد کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران گیس لیکیج کے باعث چار دھماکے ہوئے، بھابڑا بازار میں گھر میں گیس لیکج دھماکے سے 8 ماہ کا بچہ ارحم اور ساڑھے 3 سال کی آیت فاطمہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ بچوں کی ماں جھلس گئی۔ دوسرا واقعہ آریہ محلہ میں پیش آیا جہاں گیس لیکیج دھماکے سے دو خواتین سمیت پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ تیسرے واقعہ میں ٹنچ بھاٹا میں دو کم عمر بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔ گیس لیکیج کا چوتھا واقعہ گرجا روڈ پر قریشی آباد میں پیش آیا، دھماکے سے 3افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 2 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق چاروں دھماکے گیس لیکیج کے بعد بجلی کا سوئچ آن کرنے یا لائیٹر ماچس جلانے کے باعث پیش آئے۔ سوئی ناردرن گیس نے وضاحت کی کہ محلہ جوگیاں حرم گیٹ ملتان کے واقعہ میں گیس لیکیج کا نہیں تھا۔ اس کے علاوہ بھابڑا بازار، راولپنڈی میں جس کمرے میں آگ لگی وہاں گیس کی کوئی لائن موجود نہیں تھی۔ ایک چھوٹے کمرے میں برنر کے ساتھ ایل پی جی سلنڈر تھا۔ ایل پی جی گیس کمرے میں جمع تھی۔ جہاں چولہا جلاتے ہوئے آگ لگنے کا واقعہ اور اس کے بعد دھماکہ ہوا۔