ٹیم ورک سے بہترین نتائج نکلتے ہیں، ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کرونگا: محسن نقوی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار+ خصوصی رپورٹر+ خبر نگار) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ الحمدللہ، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات کی حیثیت سے قوم کی خدمت کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں، ہر ممکن طریقے سے اپنی قوم کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔ دریں اثناء محسن نقوی نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے جو ذمہ داری دی ہے اسے بطریق احسن ادا کرنے کی پوری کوشش کروں گا، وکلا برادری کے لئے جو کچھ کر سکتے تھے کیا، وکلا برادری میرے دل کے قریب ہے۔ وہ منگل کے روز یہاں ایک مقامی ہوٹل میں وکلا رہنمائوں کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ سید محسن نقوی نے کہا کہ میں ٹیم ورک پر یقین رکھتا ہوں اور ٹیم ورک سے بہترین نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ اس موقع پر وکلاء رہنمائوں نے نگران وزیر اعلی پنجاب کی حیثیت سے بے مثال کارکردگی پر محسن نقوی کو زبردست خراج تحسین کیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گے، آئندہ پانچ سالوں میں ترقی کا سنگ بنیاد رکھیں گے، سیاست کیلئے انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزارت منصوبہ بندی میں منگل کو وزارت منصوبہ بندی میں اپنی باقاعدہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ چوتھی بار منصوبہ بندی کا وزیر بنا ہوں۔ جام کمال خان نے وفاقی وزیر تجارت کا عہدہ سنبھال لیا۔ جام کمال خان نے باضابطہ طور پر وفاقی وزیر تجارت کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ وفاقی سیکرٹری تجارت کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے وزارت میں ان کا استقبال کیا۔ افتتاحی بریفنگ کے دوران وزارت کے دائرہ کار اور مقاصد کا خاکہ پیش کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری اور مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل طور پر سہولت فراہم کرنے کا عزم کیا۔ جام کمال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کا پختہ عزم لے کر آئے ہیں، تجارت کے حجم کو بڑھائیں گے۔ خاص طور پر کان کنی، لائیو سٹاک اور ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں میں جدت لائیں گے۔ وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے منگل کو وزارت کا چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالنے کے فوری بعد سیکرٹری ہائوسنگ سے ایک جامع بریفنگ لی ۔ نااہلی اور بدعنوانی کو قطعی برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزارت کے اندر پیشہ ورانہ مہارت اور دیانتداری کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ اعظم نذیر تارڑ نے باضابطہ طور پر وزیر قانون و انصاف کا چارج سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اور قانونی اصلاحات ایجنڈے میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نے فوجداری اور دیوانی معاملات میں انصاف کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ قانونی عمل کو ہموار کرنے اور تیز رفتار انصاف کو یقینی بنانے کے لیے فوجداری، سول مالیاتی اور آئینی شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے 8 رکنی قانونی اصلاحات کمیٹی بنانے کی منظوری دی جس کی سربراہی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کریں گے۔ وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے وزارت ہوابازی کا چارج سنبھال لیا۔ وفاقی وزیر کی دفتر آمد پر وفاقی سیکرٹری سیف انجم سمیت اعلی افسران نے خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے نجکاری ڈویژن اسلام آباد میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ وفاقی وزیر کو متعلقہ سیکرٹریز کی جانب سے پرائیویٹائزیشن ڈویژن اور نجکاری کمیشن کے کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جوائنٹ ایجوکیشن ایڈوائزر وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر شفقت محمود جنجوعہ کو قومی نصاب کونسل سیکرٹریٹ اسلام آباد کے ڈائریکٹر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔