• news

آئی ٹی برآمدات کا متوقع حجم 3 ارب سے زائد، نوجوانوں کو سہولتیں دینگے: وزیراعظم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف  نے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع روڈ میپ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اربوں ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم و ہنر اور سٹارٹ اپس کو درکار سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنی زیرصدارت آئی ٹی شعبے کے حوالے سے اعلی سطح جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد، شہزاد سلیم اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں اربوں ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم و ہنر اور سٹارٹ اپس کو درکار سہولیات فراہم کریں گے۔ گزشتہ دور حکومت میں آئی ٹی کی صنعت کیلئے جن منصوبوں کا آغاز کیا ان کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ سٹارٹ اپس، فری لانسرز اور آئی ٹی کمپنیوں کے بنکاری سے متعلق تمام مسائل کو حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس آئی ٹی برآمدات کا متوقع حجم 3 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جو خوش آئند ہے مگر ہمیں اس میں اضافہ کرنا ہے۔  وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے بھی ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کی جائے۔ پاکستان کے آئی ٹی کے شعبے کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے خوب محنت کرنا ہوگی۔ اجلاس کو ملک میں آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔  وزیرِ اعظم کو جون 2023 میں وزیرِ اعظم کی جانب سے دیئے گئے 5 ارب کے آئی ٹی پیکیج پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں وزیرِ اعظم کی خصوصی توجہ کی بدولت آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس کے پہلے 7 ماہ میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔  ڈیجی- سکلز پروگرام کے تحت اس وقت 17 بیچز میں تقریباً 40 لاکھ طلبا  و طالبات کو آئی ٹی کی ٹریننگ دی جا چکی ہے جس میں 28 فیصد تعداد خواتین کی ہے۔  اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فری لانسرز کی تعداد کے حوالے سے پاکستان دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔ پاکستان اپنی آئی ٹی مصنوعات 170 ممالک کو برآمد کرتا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس، پاکستانی سٹارٹ اپس میں 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔  وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے کیلئے تمام ضروری قانونی و پالیسی اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔ اجلاس کو آئی ٹی، ای روزگار، سٹارٹ اپس، سائبر سکیورٹی، ٹیلی کام سیکٹر اور ملک میں 5-جی کے اجراء پر پیشرفت و اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے ایک واضح روڈ میپ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے سالانہ 5 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے، تجارت، دفاع، رابطوں اور ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی  نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے خیر سگالی ملاقات کی۔ سفیر نے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ترکیہ کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے دوبارہ منتخب ہونے کے فوراً بعد ترکیہ  کے  صدر رجب طیب اردگان کی طرف سے تہنیتی ٹیلی فون کال اور مبارکباد کے پیغام کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی دوطرفہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں اور غیر متزلزل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کے سالانہ 5 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں فریقوں سے تجارت، دفاع، رابطوں اور ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے کان ففتھ جنریشن کے لڑاکا طیارے کی کامیاب پرواز پر ترکیہ کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی ہے اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر اردگان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس دورے کے منتظر ہیں جو دونوں فریقوں کو اعلی سطحی سٹرٹیجک کوآرڈینیشن کونسل کے ساتویں اجلاس کے دوران وسیع مشاورت کرنے کا ایک مفید موقع فراہم کرے گا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ملاقات کی۔ انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن