• news

پارٹیشن کی بجائے فخر سے آزادی کا لفظ استعمال کرنا چاہئے: چیف جسٹس

اسلام آباد (نیٹ نیوز) چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار کے 'پارٹیشن 'کے الفاظ پر ریمارکس دیئے کہ  پارٹیشن کے بجائے ' آزادی کے بعد' کے الفاظ استعمال کریں۔ چترال میں اراضی تنازعہ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔  وکیل درخواست گزار سے چیف جسٹس نے کہا کہ مفروضوں پرکیس نہیں چلا سکتے، کوئی ثبوت ہیں تو دکھا دیں۔ وکیل درخواست گزار کے 'پارٹیشن' کے الفاظ پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 'پارٹیشن' کے بجائے 'آزادی کے بعد' کے الفاظ استعمال کریں۔ پارٹیشن کے الفاظ بھارت والے کہہ سکتے ہیں کیونکہ وہ کبھی حکمران نہیں  رہے۔ ہمیں فخر سے آزادی حاصل کرنے کے الفاظ کو استعمال کرنا چاہیے۔ عدالت نے درخواست مسترد کردی۔ اس سے قبل درخواست گزار سول کورٹ اور  ہائی کورٹ میں بھی جائیداد کی ملکیت ثابت کرنے میں ناکام رہا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن