14 سال بعد پاکستان نے سارک ویمن انٹروپنئیور شپ چیئرمین حاصل کر لی
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان نے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کر لیا، پاکستان نے سارک ویمن انٹروپنئیورز شپ کونسل کی چیئرمین شپ حاصل کر لی۔ پاکستان کو14 سال بعد سارک ممالک کے ویمن انٹروپنئیورز شپ کونسل کی چیئرمین شپ ملی۔ پاکستان سے سینئر ویمن بزنس لیڈر حنا منصب خان کو سارک ویمن انٹروپنئیورز شپ کونسل کا باقاعدہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا جبکہ نائب صدارت کیلئے سابق نائب صدر وفاقی چیمبر رفعت ملک کو منتخب کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں عظیم سیمینار اور حلف برداری تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر نائب صدر سارک چیمبر پاکستان میاں انجم نثار، نائب صدر سارک چیمبر بنگلہ دیش شفقت حیدر نے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ ہائی کمشنر بنگلہ دیش ایم ڈی روح العالم نے کہا کہ سارک ممالک کے پلیٹ فارم سے پاکستانی خواتین کے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے اہم کردار ادا کیا جائے گا۔ میاں انجم نثار نے کہا کہ پاکستان کو سارک ویمن چیمبر کی چیئرمین شپ ملنا اعزاز کی بات ہے۔ بنگلہ دیش سے سارک چیمبر کے نائب صدر شفقت حیدر نے کہا کہ سارک چیمبر کی خواہش ہے کہ پاکستانی خواتین سارک ممالک کے ساتھ باہمی و تجارتی روابط کو مربوط کریں اور ملک و معیشت کو ترقی دیں، سارک ممالک کے درمیان تاحال ٹریڈ کو بڑھانے کیلئے سخت اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔