ہر شعبے کی ترقی وزیراعلیٰ کا مشن، مریم اورنگزیب، فشریز کو نئے ٹاسک مل گئے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کو ہر شعبے میں ترقی سے ہمکنار کرنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مشن ہے۔ مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں فش ٹریڈنگ میں ترقی کیلئے محکمہ فشریز کو نئے ٹاسک سونپے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق فش فارمنگ کی پیداوار بڑھانے کیلئے جامع پلان بھی طلب کر لیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے فش فارمنگ میں کامیاب ہمسایہ ممالک سمیت سنگاپور اور یو اے ای کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ دوسرے ممالک اور فش فارمنگ کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کے ماہرین سے ملاقاتیں کی جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں فش فارمنگ و ٹریڈنگ سے زرمبادلہ میں اضافہ کیلئے پرعزم ہیں۔ جھینگوں اور مچھلی کی فارمنگ کے نئے پراجیکٹس سے روزگار اور آمدن کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اجلاس میں نئے پراجیکٹس کے لیے مختلف ماڈلز، ٹام لا، کاسٹنگ اور فوائد و نقصانات کے بارے تجاویز پر غور کیا گیا۔ مریم نواز شریف کی ہدایت پر شرمپس کی پیداوار میں اضافے کیلئے پراجیکٹس لائے جا رہے ہیں، ان مقاصد کیلئے بین الاقوامی سطح کی بہترین ٹیکنالوجیز کو استعمال کیا جائے گا۔ ڈویلپمنٹ آف شرمپس ایکوا کلچر ان سیلان اینڈ بریکش ایریاز آف پنجاب کے پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ ناقابل کاشت بنجر، نمکین اور کڑوے پانیوں والی اراضی پر شرمپس فارمنگ کی جائے گی۔ مچھلی کی پیداوار بڑھانے سے غذائی قلت پر کنٹرول بھی ممکن ہو سکے گا۔