پی ٹی آئی کا یورپی یونین سے جی ایس پی پلس واپس لینے کا مطالبہ سازش ہے: عطا تارڑ
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی یورپی یونین کو غلط بیانی پر مبنی بیانیہ دے کر پاکستان کے خلاف سازش کر رہی ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے 9 مئی کو حملے کر کے شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا۔ پی ٹی آئی کے ترجمانوں کو جیل سے ملک کو نقصان پہنچانے کی ہدایات مل رہی ہیں، کسی کو معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، عمران خان سمیت تمام قیدیوں کی سکیورٹی یقینی بنانا جیل حکام اور متعلقہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ وہ گزشتہ روز پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بطور وزیر اطلاعات پوری کوشش ہوگی کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھائوں۔ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافیوں کے لئے کھلے ہیں، میری کوشش ہوگی کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان پل کا کردار ادا کروں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے منصب سنبھالتے ہی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر کام شروع کیا، گزشتہ روز بلومبرگ میں پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کی صلاحیت رکھنے کے حوالے سے وزیراعظم کا ذکر ہوا۔ بلومبرگ نے محمد اورنگزیب کے بحیثیت وزیر خزانہ انتخاب کو بہترین انتخاب قرار دیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب عالمی سطح پر تجربہ کار معیشت دان ہیں۔ پی ٹی آئی یورپی یونین کو پاکستان کا جی ایس پی پلس کا درجہ واپس لینے کے لئے مہم جوئی کر رہی ہے۔ آن لائن پٹیشن کے ذریعے وہ یورپی یونین سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس واپس لیا جائے کہ عمران خان کو قید میں سہولیات نہیں دی جا رہیں۔ ماضی میں بھی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر گھنائونی حرکت کی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ یہ ملک خدانخواستہ ڈیفالٹ کر جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کا کرم ہے کہ شہباز شریف نے ذاتی دلچسپی لے کر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ پی ٹی آئی اب دوبارہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا چاہتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ یہ کس حیثیت میں خط لکھ رہے ہیں؟۔ریاست پاکستان اور قومی مفاد کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ معیشت کو ٹھیک کرنے کی حکمت عملی اور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس ہے تو زرمبارلہ آئے گا، ہماری برآمدات میں اضافہ ہوگا، روپے کی قدر مستحکم ہوگی، مہنگائی کم ہوگی اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔ عمران خان جیل میں ایک شاہانہ زندگی گذار رہے ہیں، عمران خان کو صرف ایک کمرہ نہیں بلکہ پوری گیلری واک کے لئے دی گئی ہے۔ جیل مینوئل 1978 کے مطابق ہر قیدی کو ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہوتی ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو ہفتہ میں چار ملاقاتوں کی اجازت دی جا رہی تھی۔ اڈیالہ جیل کے قریب تخریب کاری کی اطلاعات پر ملاقاتوں پر پابندی عائد کی گئی، یہ بے بنیاد بات ہے کہ عمران خان کو جیل میں سہولیات نہیں دی جا رہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو جو سہولیات جیل میں میسر ہیں آج تک کسی دوسرے سیاستدان کو میسر نہیں ہوئیں۔ انشاء اللہ پاکستان کا جی ایس پی سٹیٹس قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند جیلوں کے اندر تخریب کاری کے خدشہ کے پیش نظر پنجاب حکومت کی طرف سے لیٹر جاری کیا گیا، سکیورٹی آڈٹ کنڈکٹ کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری تھی۔ اڈیالہ جیل پنجاب کے محکمہ داخلہ کا ایک اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ ہے، جیل مینوئل کے اندر تمام قواعد و ضوابط درج ہیں۔ ملک میں ٹوئٹر چل رہا ہے، ٹویٹس بھی ہورہے ہیں۔اگر کوئی نوٹیفکیشن ہے تو سامنے لے آئیں میرے علم میں نہیں ہے۔