سینٹ ضمنی الیکشن آج، قومی صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 21 اپریل کو ہو گا
اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمیشن نے سینٹ کے ضمنی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ سینٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات آج ہوں گے۔ سینٹ ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ صبح 9 سے شام 4 بجے تک ہوگی۔ اسلام آباد کی ایک، سندھ کی دو جنرل نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے۔ بلوچستان سے سینٹ کی تین جنرل نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے۔ سینٹ ضمنی انتخابات کیلئے پارلیمنٹ ہائوس، سندھ اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں پولنگ ہوگی۔ اسلام آباد کی ایک نشست پر یوسف رضا گیلانی اور چوہدری الیاس مہربان مدمقابل ہوں گے۔قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 23 نشستوں پر 21 اپریل کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپی کے اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 جبکہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔ شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی16 سے 18 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 مارچ کو ہوگی۔ اپیلیں 25 مارچ تک جمع کرائی جاسکیں گی، الیکشن ٹریبونل 28 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے۔ شیڈول میں بتایا گیا کہ کاغذات نامزدگی 29 مارچ تک واپس لیے جاسکیں گے، حتمی امیدواروں کی فہرست 29 مارچ کو آویزاں کی جائے گی، انتخابی نشانات 30 مارچ کو الاٹ کیے جائیں گے جبکہ پولنگ 21 اپریل کو ہوگی۔