ججز کی تضحیک برداشت نہیں‘ عدالتیں ہرصورت کھلیں گی:آئی جی پنجاب
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں عدالتوں کی فول پروف سکیورٹی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔جس میں کوئی کوتاہی یا غیر ذمہ داری ناقابل برداشت ہوگی۔بے جا احتجاج کی آڑ میں عدالتوں کی آئے روز تالہ بندی ہرگز قابل قبول نہیں۔ عدلیہ کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ججز کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں، عدالتیں ہرصورت کھلیں گی، پرامن ماحول میں انصاف کی فراہمی کا عمل یقینی بنائیں گے۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز متعلقہ افسران سکیورٹی آڈٹ کرکے عدالتوں کا سکیورٹی پلان ازسر نو مرتب کریں، کورٹ انتظامیہ سے کلوز کوارڈینیشن رکھتے ہوئے باہمی مشاورت سے آر پی اوز، ڈی پی اوزعدالتوں کے سکیورٹی انتظامات کریں۔ عدالتوں کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات پولیس اہلکار انتہائی الرٹ رہیں۔چیکنگ یقینی بنائیں، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے عدالتوں کے داخلی راستوں اور اطراف کی مسلسل مانیٹرنگ کریں۔ کسی بھی شخص کو عدالتی احاطہ میں اسلحہ لانے کی ہرگز اجازت نہ دیں اور اس ضمن میں کوتاہی کرنیوالے ذمہ داران خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔یہ ہدایات آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں عدالتوں کی سکیورٹی بارے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔