چوہدری شافع حسین کا روول ماڈل سٹیٹ سندر انڈسٹریل سٹیٹ کا دورہ
لاہور(کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے روول ماڈل سٹیٹ سندر انڈسٹریل سٹیٹ کا دورہ کیا اور پیڈمک آفس میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال اور سی ای او علی معظم سید نے پنجاب انڈسٹریل سٹیٹ کے جاری اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ سندر سٹیٹ آمد کے موقع پر سندر سٹیٹ بورڈ آف مینجمنٹ انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر کو سندر سٹیٹ کا دورہ کروایا گیا اور سندر اسٹیٹ کے انفراسٹرکچر بارے بریفنگ دی جس پر صوبائی وزیر نے سندر سٹیٹ کے ماڈل اور بہتر انتظامات کو سراہا۔ دورہ کے موقع پر صوبائی وزیر نے سندر میں فیکٹری کے دورہ کے دوران پیداواری عمل کا جائزہ لیا اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں صنعتکاری کے عمل میں تیزی لانا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔انڈسٹریل سٹیٹس میں عالمی معیار کے صنعتی انفراسٹرکچر کی فراہمی سے انڈسٹریلائزش کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ الیکٹرک رکشوں کا اسمبلنگ پلانٹ یہاں لگنا چاہیے۔ الیکٹرک گاڑیوں اور سولر پینلز کی موٹروں پر ڈیوٹی کم کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔ پنجاب میں زراعت، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ پنجاب کی انڈسٹریل سٹیٹس میں رئیل سٹیٹ کا کاروبار نہیں، بلکہ انڈسٹری ہی لگنی چاہیے۔ اس میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی بہترین سہولتیں دی جائیں اس موقع پر صوبائی وزیر نے چونیاں انڈسٹریل سٹیٹ کا ڈویلپمنٹ پلان طلب کرلیا ۔