• news

بائیومیٹرک شرط بظاہر درست مگر تاجروں کے مسائل میں اضافہ کریگی:لاہور چیمبر 

لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک ای آر سے ایس آر او 350(I)/2024کا ازسرنو جائزہ لینے کی اپیل کی ہے جس کے ذریعے سیلز ٹیکس رولز 2006میں ترمیم کی گئی ہے۔لاہور چیمبرکے صدر کاشف انور نے کہا کہ اس ترمیم سے کاروباری شعبہ متاثر ہوگا جو پہلے ہی ٹیکسیشن کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کررہا ہے۔ ایس آر او معیشت کو دستاویزی صورت دینے کی کوششوں کو متاثر کرے گا۔ یہ ترمیم 21 مختلف شعبوں،مصنوعات کے ریٹیلرز کو متاثر کررہی ہے کیونکہ ان کے پاس مطلوبہ مہارت، تکنیکی مہارت اور مالی مسائل کا فقدان ہے۔ بائیومیٹرک تصدیق کی شرط بظاہر درست مگر درحقیقت تاجروں کے مسائل میں اضافہ کرے گی کیونکہ انفرادی طور پر کسی ایسوسی ایشن کے ممبریا پھر سنگل شیئرہولڈر کمپنی کے ڈائریکٹر کو ہر سال جولائی میں بائیومیٹرک تصدیق کیلئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ای سہولت سنٹر پر جانا پڑے گا۔ اگر وہ ایسا نہ کرسکے تو پھر اس کی الیکٹرانک ریٹرن فائلنگ پر پابندی لگ جائے گی اور آئرس کے ذریعے کمشنر کی اجازت درکار ہوگی۔ جبکہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اے سی سی اے پاکستان کے تعاون سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ٹیکس کلینک منعقد کیا جائے گا جس میں لاہور چیمبر کے ممبران کو مفت ٹیکس اور کارپوریٹ ایڈوائزری خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس سے لاہور چیمبر کے ممبران کو ٹیکسیشن سے متعلق مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن