سموگ کیس: ریسٹورنٹس افطار سے سحر تک کھلے رکھنے کی اجازت
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے انسداد سموگ کی درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالت نے ریسٹورنٹس کو رمضان کے مہینے میں افطاری سے لیکر سحری تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی۔ ماحولیات سے متعلق سکولوں کے بچوں کو ہفتے میں ایک روز پریکٹیکل کروانے کی بھی ہدایت کردی۔ عدالت نے قرار دیا کہ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ماحولیات سے متعلق سکولز کے بچوں کے سلیبس میں چیزیں شامل کرلیں ہیں، آئندہ سماعت پر سلیبس سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے، عدالت نے ایل ڈبلیو ایم سی سے سکول کالجوں کے بچوں کے ساتھ کمیونٹی سروسز، صفائی کی مہم کا حتمی پلان طلب کرلیا۔ سرکاری وکیل کی رپورٹ کے مطابق تمام ٹائر جلانے والے یونٹس کی بجلی کے کنکشن منقطع کردئیے ہیں، خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کی تمام سٹاف کو بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کی ہدایات کردی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق لیسکو اہلکاروں کو درختوں کو بھی کاٹنے سے روکنے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔ لیسکو سٹاف نے اگر کوئی درخت کاٹنا ہو تو پہلے پی ایچ اے کو آگاہ کرے۔ عدالت نے سماعت کل 15 مارچ تک ملتوی کردی۔