لاہور ہائیکورٹ: فارم 47,45 محفوظ بنانے کی درخواست پر سماعت ملتوی
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے عام انتخابات کے نتائج کے فارم 45 اور 47 محفوظ بنانے کیلئے درخواست پر سماعت بغیر کارروائی 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ملک بھر میں قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے الیکشن ہوئے ، انتخابات کیلیے ملک بھر میں 90 ہزار ریٹرنگ افسران، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور پریزیڈنٹ افسروں کا تقرر کیا گیا۔ الیکشن کمشن نے ان انتخابات کو فوری اپ لوڈ کرنے کے لیے آر اوز، ڈی ار اوز کے لیے ایپ متعارف کرائی، عام انتخابات کے بعد سیاسی جماعتوں نے دھاندلی کے الزامات لگائے۔ سیاسی جماعتوں نے فارم 45 اور 47 میں دھاندلی کے الزامات عائد کئے۔ الیکشن کمشن کے واضح احکامات کے باوجود الیکشن رزلٹ کو محفوظ نہ بنایا گیا، نہ ایپ پر اپ لوڈ کیا گیا، پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 201، 202 اور 204 کے تحت شہادت ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت فارم 45۔47کو فوری الیکشن کمشن کی ایپ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دے۔ عدالت فارم 45 اور 47 کو محفوظ بنانے کا حکم دے۔ دریں اثنا جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے رجسٹرار آفس کو الیکشن کمشن رولز 163(2) کو کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔