لیسکو 415، فیسکو میں 23 بجلی چور پکڑے گئے، لاکھوں روپے جرمانے
لاہور+ فیصل آباد (این این آئی+ نمائندہ خصوصی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور 181روز کے دوران گرفتار ہونے والوں کی تعداد 20ہزار 11 ہوگئی۔ ترجمان کے مطابق کریک ڈائون کے دوران مجموعی طور پر63 ہزار66 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 61ہزار 866ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 20ہزار11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو 8 کروڑ11 لاکھ 50 ہزار 947یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 3ارب8 کروڑ 65 لاکھ91 ہزار 507روپے بنتی ہے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 415ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 17 کمرشل، 3زرعی اور 395 ڈومیسٹک تھے جنہیںمنقطع کرکے ان کو2 لاکھ99 ہزار 320یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے جن کی مالیت 98لاکھ 79 ہزار 230 روپے بنتی ہے۔ فیسکو ٹاسک فورسز نے گزشتہ روز دوران چیکنگ 23بجلی چوروں کو پکڑلیا جن کو 60ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 21لاکھ 83ہزار سے زائد کا جرمانہ جاری کیا گیا ہے۔ فیسکو ریجن میں اب تک کل 6673 بجلی چوروں کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 58لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس پر مشتمل 71کروڑ 47لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ فیسکو ٹیموں اور پولیس فورس کے مشترکہ آپریشن کے دوران 5278بجلی چوروں کو گرفتار جبکہ 6600 کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کروایا گیا ہے۔